لاہور(یوا ین پی) پاکستان کرکٹ بورڈنے آئرلینڈ کیخلاف دو جبکہ انگلینڈ کیخلاف پانچ ایک روزہ میچوں کیلئے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ اے ٹیم کی طرف سے اچھی کارکردگی دکھانے والے بابراعظم اور حسن علی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔تفصیلات کیمطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹرسے مشاورت کے بعد ٹیم کا اعلان کیا کپتانی کا سہرا ایک مرتبہ پھر اظہر علی کے سر سجاہے ٹیم میں تین اوپنر شرجیل خان، سمیع اسلم اور محمد حفیظ کو شامل کیا گیاہے پاکستان اے ٹیم کی جانب سے رنزوں کا انبار لگانے والے بابر اعظم ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ شعیب ملک بھی ٹیم کا حصہ ہونگے۔ سرفراز احمد اور محمد رضوان کو بطور وکٹ کیپر رکھا گیا ہے فاسٹ باؤلرز میں محمد عامر، وہاب ریاض ، حسن علی شامل ہیں جبکہ عمر گل کی بھی واپسی ہوئی ہے۔ اسپنرز میں عماد وسیم، یاسر شاہ اور محمد نواز شامل ہیں، ۔ اعلان کردہ ٹیم آئرلینڈ کیخلاف دو جبکہ انگلینڈ کیخلاف پانچ ایک روزہ میچز کھیلے گی۔