لکی مروت(یواین پی) خیبرپختونخوا حکومت نے زلزلے اور دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع میں تعلیم سے محروم بچوں کے لئے 200 کنٹینر اسکول قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کنٹینرز اسکول میں بچوں کی پڑھائی کے علاوہ گرمی اور سردی سے بچاؤ کے لئے بھی تمام تر سہولیات میسر کی جائیںگی۔ کنٹینر اسکول پہلے مرحلے میں لکی مروت میں تعمیر کیا جا رہا ہے جو رواں ماہ مکمل ہو جائے گا۔ کنٹینر اسکولوں کی تعمیر کے لئے بجٹ میں 3 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ایک کنٹینر اسکول پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق چھ کمروں کے سکول پر تقریبا 2 سے 3 کروڑ روپے لاگت آتی ہے۔ اس حساب سے کنٹینر سکول پر خرچہ کم آ رہا ہے۔ اپوزیشن اور حکومتی اراکین کا ان عارضی سکولوں کی تعمیر پر ملاجلا ردعمل ہے۔ محکمہ تعلیم کے سروے کے مطابق ایبٹ آباد ۔ مانسہرہ، ہزارہ، کوہستان، بٹگرام اور شانگلہ میں زلزلے سے تقریبا تین ہزار اسکول متاثر ہوئے ہیں ۔ ان علاقوں میں کنٹینر سکولوں کی تعمیر سے طلباء اپنا تعلیمی سلسلہ برقرار رکھ سکیں گے۔