لاہور(یو این پی)وزیراعلیٰ پنجاب نے افغانستان سے بحفاظت وطن واپس پہنچنے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے سے ملاقات کی اور انہیں وطن واپسی پر مبارکباد دی شہبازشریف نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے پائلٹس اور دیگر عملے کی واپسی کسی معجزے سے کم نہیں ۔تفصیلات کےمطابق افغانستان میں طالبان کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کا عملہ گزشتہ روز بحفاظت وطن واپس پہنچ گیا وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے یوم آزادی کے موقع پر ہیلی کاپٹر کے عملے سے ملاقات کی اور ان کی واپسی پر انہیں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ شہبازشریف نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے پائلٹس اور دیگر عملے کی واپسی کسی معجزے سے کم نہیں اللہ تعالیٰ نے عملے کو نئی زندگی دی ہے جس پر وہ بارگاہ الٰہی میں شکر ادا کرتے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہیلی کاپٹر کے عملے کی بحفاظت وطن واپسی نے آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔ شہبازشریف نے ہیلی کاپٹر کے عملے کو سیلاب اور دیگر آفات میں خدمات سرانجام دینے پر خراج تحسین کیا۔ ہیلی کاپٹر کے عملے نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں کہا کہ وہ بحفاظت وطن واپسی پہنچنے پر وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ شہبازشریف اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان کی غیرموجودگی میں ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں چیف پائلٹ کرنل ریٹائرڈ صفدر حسین، پائلٹ کرنل ریٹائرڈ شفیق الرحمن، کو پائلٹ میجر ریٹائرڈ صفدر، فلائٹ انجینئر کرنل ریٹائرڈ ناصر، کریو انچارج حوالدار ریٹائرڈ کوثر اور ان کے اہل خانہ شامل تھے۔