لندن: (یو این پی) انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 40 رنز کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے پاکستان کے اوپنرز سمیع اسلم اور اظہر علی میدان میں آئے۔ سمیع اسلم نے 12 اور اظہر علی نے 30 رنز بنائے۔ اظہر علی نے اپنی اور پاکستان کی دوسری اننگز کا اختتام ایک شاندار چھکے سے کیا اور یوں پاکستان آسان فتح سے ہمکنار ہوا۔ فتح کے بعد عالمی رینکنگ میں پاکستان کے دوسرے نمبر کے حصول کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ یونس خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ پاکستان کی جانب سے مصباح الحق کو مین آف دی سیریز اور انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ وزیر اعظم نے اس شاندار کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔اس سے قبل، اوول ٹیسٹ کے آغاز میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 328 رنز اسکور کئے تھے۔ جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 542 رنز بنائے۔ گزشتہ شام جب انگلینڈ کے بلے باز رنز کا یہ پہاڑ سر کرنے کیلئے میدان میں اترے تو آغاز میں ہی ان کی سانسیں پھولی ہوئی محسوس ہونے لگیں اور شروع ہی میں یوں لگنے لگا کہ وہ پاکستان کو کوئی بڑا ہدف دینے کی کوشش میں کامیاب نہ ہو سکیں گے کیونکہ ان کا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر ٹھہر نہ سکا اور وہ ایک ایک کرکے تیزی سے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 253 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ہے۔انگلش کپتان الیسٹر کوک 7 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ہیلز 12 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ روٹ بھی 39 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ ونس 0 رن بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بیلنس 17 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بیئر سٹو 81 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ معین علی 32 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ووکس نے ابھی صرف 4 رنز ہی بنائے تھے کہ انہیں وہاب ریاض نے رن آؤٹ کر دیا۔ بروڈ 5 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اینڈرسن 17 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جبکہ فِن نے 16 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔