اسلام آباد( یو این پی) ایم کیو ایم نے اپنے دفاتر میں بغیر وردی اہلکاروں کے چھاپوں کے خلاف قومی اسمبلی میں احتجاج کیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر صوبائی حکومت اور ڈی جی رینجرز سے بات کریں گے۔ نوید قمر کہتے ہیں کہ بلیم گیم سے گریز کرنا چاہیے ۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے رکن اقبال محمد علی نے کہا کہ مہاجروں کو دیوار سے لگانے کی سازش کی جارہی ہے۔ ایم کیو ایم کے دفاتر پر بغیر وردی کے اہلکار چھاپے مار رہے ہیں۔ جس پر چودھری نثار نے کہا کہ اگر ایسا ہورہا ہے تو قابل مذمت ہے۔ کارکن کی دوران تفتیش ہلاکت پر عدالتی تحقیقات کی تجویز پہلے دے چکے ہیں۔ چوھری نثار نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے پر صوبائی حکومت اور ڈی جی رینجرز سے بات کریں گے۔ پیپلزپارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ کراچی میں مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ بلیم گیم سے گریز کرنا چاہیے۔ یہ وفاقی و صوبائی حکومت کی یکساں ذمہ داری ہے۔ اسپیکر ایاز صادق نے وزیر اعلی سندھ کی تعریف کی اور کہا کہ مراد علی شاہ انتہائی ذمہ دار ہیں وہ بروقت ایکشن کے ساتھ جواب بھی دیتے ہیں۔