کراچی(یواین پی) کراچی سمیت سندھ بھرمیں میئر،ڈپٹی میئر اور چیئرمین کا دنگل آج سجے گا ۔ ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے تمام نامزد امیدواروں کو پیشگی مبارک باد دیتے ہوئے کامیابی کی نوید سنادی ۔تفصیلات کےمطابق انتظار کی گھڑیاں ختم بل آخر آٹھ ماہ بعد کراچی میں مئیر اور ڈپٹی مئیر کا دنگل سجنے کو ہے اس مقصد کے لیے صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک عوامی نمائندے اپنے مئیر ڈپٹی مئیر اور چیئرمین کو منتخب کریں گے ایم کیو ایم کی نئی سیاسی کشمکش کے بعد اور وسیم اختر کے پولیس حراست میں ہونے پر بلدیاتی انتخاب کا یہ مرحلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگیا ۔ کراچی کی چار ڈسٹرکٹس میں چیئرمین وائس چیئرمین اور ملیر میں صرف وائس چیرمین کا الیکشن ہوگا جبکہ ضلع وسطی میں چیئرمین اور وائس چیرمین جبکہ ملیر میں چیئرمین بلا مقابلہ ایم کیوایم جیت چکی ہے ۔ کراچی میں سب سے کانٹے کا مقابلہ ضلع غربی میں دیکھنے میں آئے گا ۔۔ ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے تمام نامزد امیدواروں کو پیشگی مبارک باد دیتے ہوئے کامیابی کی نوید سنادی۔ادھر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا انتخابی روز ڈسڑکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسراور پریزائیڈنگ افسران کے پاس مجسٹریٹ کے اختیار ہوں گے ۔ سندھ میں قائم ایک سو تین پولنگ اسٹیشنز میں موبائل فون لے جانے پر پابندی ہوگی ۔ منتخب ڈپٹی میئر، چیئرمینز، وائس چیئرمینز 29 اگست کوحلف اٹھائیں گے ۔