پشاور(یواین پی) خیبر پختونخوا کے محکمہ جنگلی حیات نے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے لیے ہرن کی کھال سے خصوصی طور پر چپل تیار کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ شاہ رخ خان کی کزن نور جہاں نے اداکار کے لیے مسلم لیگ (ن) کے کارکن اور پشاوری چپلوں کے مشہور کاریگر جہانگیر خان کو چپل کے 2 جوڑے تیار کرنے کا آرڈر دیا تھا۔ جہانگیر نے وہ 2 جوڑے تو تیار کیے لیکن ساتھ ہی شاہ رخ خان سے اپنی محبت کے اظہار کے لیے تحفے کے طور پر ہرن کی کھال سے خصوصی چپل کی ایک اضافی جوڑی بھی تیار کی۔ تاہم ہرن کی کھال سے چپل تیار کرنے پر خیبر پختونخوا کا محکمہ جنگلی حیات حرکت میں آیا اور اس کی ٹیم نے چھاپہ مار کر جہانگیر خان کو گرفتار کر لیا اور ہرن کی کھال سے بنی چپل کی جوڑی بھی اپنے قبضے میں لے لی۔ واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ہرن کے شکار اور اس کی کھال کی خرید و فروخت پر پابندی ہے۔ جہانگیر خان اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف کے لیے بھی شیر کی کھال سے پشاوری چپل تیار کر چکے ہیں۔