مصطفی آباد/للیانی(نامہ نگار)میڈیا کے دفتر پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے عزائم کبھی پورے نہیں ہونے دیں گے۔ دہشت گرد صحافیوں کو خوف زدہ کرکے اپنے مذموم مقاصد پورے کرنا چاہتے ہیں، صحافی برادری دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار صدر یونین آف جرنلسٹ مصطفی آباد محمد عمران سلفی نے نجی ٹی وی چینل و اخبار کے دفتر پر حملے کے حوالے سے صحافیوں کے مذمتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کے دفاتر پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ حکومت تمام صحافیوں تنظیموں اور اداروں کے سیکورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے۔ صحافتی اداروں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کیا جانا چاہئے۔ اجلاس میں شریک شاہد عمر، اصغر علی شہزاد، میاں شفیق احمد، منیر احمد بھٹی، الیاس ملک، عبدالقیوم، محمد جمیل سندھو، زبیر بھٹی، حافظ طاہر اقبال ودیگرصحافیوں کی بڑی تعدادشدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یو تھ بزنس پروگرام نوجوانوں کیلئے ایک تحفہ سے کم نہیں یعقوب ندیم سیٹھی
مصطفی آباد/للیانی(نامہ نگار) یو تھ بزنس پروگرام نوجوانوں کیلئے ایک تحفہ سے کم نہیں ،اس سے بے روزگار ی کم ہوگی اور نوجوانوں میں خود انحصاری اور معاشرے میں کار آمدشہری بننے کی صلاحیتیوں میں اضافہ ہو گا۔ اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت بہت جلد نوجوانوں کیلئے مزید سہولیات فراہم کرے گی ۔ ہما را منشور پسماندگی کا خاتمہ اور عوامی خدمت ہے ۔ میاں نواز شریف ملکی تعمیر و ترقی اور ملکی مسائل کو ختم کرنے کے لئے خلوص نیت سے کوشاں ہیں ۔ بہت جلد ملک میں خوشحالی آئے گی حکومت کی وطن دوست پالیسیاں ملک میں خوشحالی لائیں گی۔ان خیالات کا اظہار ایم پی اے مسلم لیگ ن محمد یعقوب ندیم سیٹھی، سابقہ ناظم ارشد رفیق انصاری و چیئرمین ثالثی و مصالحتی کمیٹی تھانہ مصطفی آباد چوہدری اصغر علی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ ایم پی اے مسلم لیگ ن محمد یعقوب ندیم سیٹھی نے مزید کہا کہ عوام کی طاقت سے قائم ہونے والی جمہوری حکومت کو نام نہاد دھرنوں سے ختم نہیں کیاجاسکتا، حکومت کی جانب سے نو جو انو ں کو اربوں روپے کے قرضے جاری کیے جائیں گے جس سے بیروز گاری میں کمی ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف جہاں نو جو ا نوں کی ترقی کے لیے سرگرم ہیں اور اربوں روپے کے فنڈز جاری کررہے ہیں وہیں امتحانات و دیگر شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ، سولر انرجی سسٹم اور اب یوتھ کو قرضے فراہم کرنے کا منصوبہ جاری ہے جس کے تحت بیروزگاری کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے مہنگائی کو کم کرنے اور سفید پوش طبقہ کو اشیائے خوردونوش کی بہتر رسائی کے لیے سستے بازار قائم کیے ہیں جس پر کوالٹی اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے میاں محمد شہباز شریف نے اراکین اسمبلی کو ٹاسک دے دیاہے جو منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اپنا بھرپورکردار اداکریں گے۔