کراچی:(یواین پی) چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کے مطابق پاکستان میں کہیں بھی ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا لہذا یکم ذی الحج 4 ستمبر بروز اتوار کو ہو گی جبکہ عید الضحیٰ 13 ستمبر کو ہو گی۔ پاکستان میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کراچی کے دفتر میں ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، ماہرین فلکیات، محکمہ موسمیات اور اسپارکو کے نمائندے بھی شریک تھے۔ اجلاس میں ذی الحج کا چاند نظر آنے سے متعلق کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ اجلاس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں کہیں بھی ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا لہذا یکم ذی الحج 4 ستمبر بروز اتوار کو ہو گی جبکہ عید الضحیٰ 13 ستمبر کو ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چاند کی رویت کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے تمام مراکز سے عدم رویت کی رپورٹ ملی۔ ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کو محکمہ موسمیات اور سپارکو کی تکنیکی معاونت بھی حاصل تھیں، مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں میں جید علمائے کرام شامل ہیں، جبکہ مختلف زونل رویت ہلال کمیٹیوں سے اس حوالے سے شہادت بھی لی گئی۔ اس سے قبل لاہور، اسلام آباد اور بلوچستان میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت نہ ملنے پر لاہور، اسلام آباد اور بلوچستان کی زونل رویت ہلال کمیٹیوں نے ذی الحج کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوا تاہم ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد سعودی عرب میں عید قرباں 12 ستمبر بروز پیر ہو گی۔