لاہور: (یو این پی) چیئرنگ کراس پر احتساب ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے وزیراعظم سے چار سوال کر دیئے۔ لندن میں اپارٹمنٹس کی خریداری کا لیٹر دکھا دیں۔ اربوں کے فلیٹس خریدنے کیلئے پیسہ کہاں سے آیا؟ پیسہ باہر کیسے بھیجا؟ اور کیا فلیٹس خریدنے کیلئے رقم پر ٹیکس دیا؟ کپتان نے جواب نہ ملنے کی صورت میں عید کے بعد رائیونڈ کا رُخ کرنے کا اعلان کر دیا۔عمران خان نے سپریم کورٹ سے وزیر اعظم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ عمران خان نے حکمرانوں کے ہاتھوں نہ بکنے والے افسروں کو سلام پیش کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک بار پھر عدالت عالیہ سے سوال کر دیا۔ ان کا کہنا تھا آپ کے پاس نہیں آئیں گے تو کہاں جائیں گے۔ سپریم کورٹ پر پریشر نہیں ڈالنا چاہتے مگر انصاف چاہتے ہیں۔ اداروں سے انصاف نہ ملنے پر عوام میں آئے ہیں۔اس سے قبل تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مختلف مقامات پر احتساب ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کے مستقبل کیلئے یہ ریلی بہت ضروری ہے کیونکہ حکمران ملک کا مستقبل تباہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم اور وزراء چوری کریں تو ملک برباد ہو جاتا ہے۔ پاکستان کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں حکمران امیر اور عوام غریب ہو رہے ہیں۔ حکمران بیرون ممالک بڑے بڑے محلات خرید رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے اس وقت ملک میں سب سے کم سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ کرپشن کے نظام تک ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ہم جنگ جیت گئے تو عظیم قوم بن جائیں گے۔ ہمارا مقصد اداروں پر پریشر ڈالنا ہے تاکہ انصاف مل سکے۔