راولپنڈی(یواین پی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان رائے ونڈ گئے تو ہمارے کارکن بنی گالہ جائیں گے، شیخ رشید کو ایفیڈرین کی بہت یاد آتی ہے، آئندہ کوٹہ ملا تو 2 فیصد ایفیڈرین ان کو دوں گا، طاہر القادری نے سچ کہا 2018ء تک 16 ہزار میگاواٹ بجلی ملکی نظام میں شامل ہو جائے گی۔ اتوار کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہاکہ عمران خان رائے ونڈ جانے کی دھمکیاں نہ دیں اگر انہوں نے رائے ونڈ کا رخ کیا تو مسلم لیگ(ن) کے کارکن بھی بنی گالہ میں داخل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کسی کے گھر پر چڑھائی کرنا قانوناً جرم ہے اور امید ہے کہ عمران خان ایسی حرکت کبھی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آج کل صرف یہی بات کہہ رہے ہیں ’’سوہنیا وزیر اعظم بنا دے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کے لئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں درجنوں منصوبوں پر کام جاری ہے جو 2018ء تک تقریباً مکمل ہو جائیں گے جس کے بعد ملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے ۔