آزاد کشمیر بھر میں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا

Published on September 7, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 1,808)      No Comments
2016-09-06-17-13-2515012_L
مظفرآباد(یوا ین پی)آزاد کشمیر بھر میں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبہ اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ دفاع وطن کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔یوم دفاع کے حوالہ سے دارلحکومت مظفرآباد میں نیلم اسٹیڈیم میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی صدر آزاد کشمیر محمد مسعود خان موجود تھے ۔جبکہ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان جی او سی 12ڈویژن میجر جنرل محمد کلیم آصف ، آزاد کشمیر کے وزراء کرام ، ممبران اسمبلی ، سیکرٹری صاحبان حکومت ، سربراہان محکمہ جات ، اعلیٰ سول و فوجی حکام ، شہداء کے لواحقین ، سول سوسائٹی اور جوانوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی ۔ تقریب سے صدر�آزاد کشمیر محمد مسعود خان ، جی او سی مری میجر جنرل محمد کلیم آصف اور شہدا ء کے لواحقین نے بھی خطاب کیا ۔ اس سے پہلے مہمان خصوصی صدر آزاد کشمیر محمد مسعود خان ، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خا ن اور شہداء کے لواحقین نے شہداء کی یادگارپر پھول چڑھائے اور شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ تقریب میں سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے ٹیبلو پیش کیے ۔یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزا د کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ آج کا اہم دن ہماری تاریخ کا ایک نا قابل فراموش باب ہے۔ آج سے 52 برس پہلے دشمن نے نا پاک ارادے سے ہمارے ملک پر حملہ کیا تھا۔ وہ ہماری ریاست کو تباہ کرنے ، ہمارے طرز زندگی کو روندنے او ر جمو ں وکشمیر کے عوام سے حق خود ارادیت چھیننے کے لیے آگے بڑھا تھا ۔ اس کے ارادے ناکام ہوئے ۔ ہماری بہادر افواج اور ہمارے عوام نے عزم ، شجاعت اور استعداد کے ساتھ ہندوستان کے مذموم منصوبے ناکام بنا دیئے تھے۔ ہندوستان کو یہ سبق سکھا دیا کہ اس نے ایک غیرت مند قوم کو للکارا تھا ۔ جو کسی بھی صورت میں نہ جارحیت قبول کرے گی ، نہ کسی سازش کو کامیاب ہونے دے گی اور نہ ہی کسی مداخلت اور در اندازی کی روادار ہو گی ۔ یہ قوم اپنی خود مختاری ، علاقائی یکجہتی اور سیاسی آزادی پر کبھی آنچ نہیں آنے دے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم افواجِ پاکستان کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں ، جنہوں نے 1965 سے اب تک سٹرٹیجک اور روایتی دفاعی صلاحیتوں اور تجربے میں کمال حاصل کیا ہے ۔یہ طاقت ہماری ڈھال بھی ہے اور تلوار بھی ۔ آزاد جموں وکشمیر کے عوام ، اس خطے کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے پر افواجِ پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے اس علاقے کے جوان افواجِ پاکستان کا حصہ ہیں اور ان میں سے بہت سے اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز ہیں ۔آزادکشمیر کو پاکستان کے لیے ایک دبیزدفاعی فصیل ہونے پر فخر ہے ۔ 1947ء سے ہم قربانیاں دے رہے ہیں ہم سرفروش ہیں ۔آج ایک شہید حوالدار اور سپاہی کے بیٹوں نے اپنی تقاریر میں گواہی دی ہے کہ ہم قربانیاں دینے والے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک مرتبہ پھر اپنی بری نظر پاکستان پر ڈال رہا ہے ۔و ہ اپنے جاسوسوں، گماشتوں اور تخریب کاروں کو آزاد کشمیر اور پاکستان بھیج رہا ہے تاکہ ہمیں اندر سے کمزور کر سکے ۔ ہمار ا ملک چوکنا ہے ۔اور ایسے خطرات سے نمٹنے کے لئے ہما دم تیار ہے۔ہم ہندوستان کی دہشتگردی اور در پردہ جنگ کا بھرپور جواب دیں گے۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ تعداد کے اعتبار سے پاکستان کی فوج دنیا کی چھٹی بڑی ، اور مسلمان ممالک میں سب سے بڑی فوج ہے۔ پاکستان قابلِ اعتماد جوہری مدافعت کی صلاحیت رکھتاہے ۔ ہندوستان کے حوالے سے میں کہوں گا کہ تم جس جانب ، جس کونے سے بھی حملہ کرو گے تمہیں پسپائی ہو گی اور ہم اور بھی مضبوط ہو کر ابھریں گے ۔ ہمارے ساتھ اللہ تعالی کی مدد ہے اور لوگوں کا عزم شامل ہے ۔ ہم شکست نہیں کھائیں گے ۔ عروج و خوشحالی ہمارا مقدر ہے۔ سردار مسعو دخان نے کہا کہ ہم نے عہد کیا ہے ہم خطے میں امن ، سلامتی اور استحکام کی فضا پیدا کرنے کے لیے مسلسل کوشش کرتے رہیں گے ۔ ہم نے تہیہ کیا ہے کہ ہم دہشتگر دی اور پُر تشدد انتہا پسندی کی ہر شکل کو کچل دیں گے ۔ اس موقع پر میں افواجِ پاکستان کو آپریشن ضرب عضب کی بے مثال کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور جنرل راحیل شریف کو جرائتمندانہ قیادت پر مبارک باد دیتا ہوں ۔ اور ان نوجوان شہیدوں پر عقیدت کے پھول نچھاور کرتا ہوں جنہوں نے راہِ حق میں جان دی۔ ہم ملک کے اندر اور خطے میں امن اور استحکام کے داعی ہیں اور اپنے ہمسایوں اور دوسرے ممالک کو دعوت دیتے ہیں کہ اس مقصد کے حصول کے لیے و ہ ہماری کوششوں کا مثبت جواب دیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہید کا لہو اس بات کی دلیل اور شہادت ہے کہ قوم زندہ ہے اور اپنی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے ۔ شُہدا اور غازی ہماری قوم کے محافظ اور نگہباں ہیں۔ہم ان کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں اور سلام پیش کرتے ہیں۔ وہ ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہیں۔ شہدا کا لہو ہی ہمارے قومی پرچم کا حسن ہے اور ہر پھریرے کو ہوا میں فخرسے لہرانے کی توانائی بخشتا ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ جب شہدا اپنی زندگیاں قربان کرتے ہیں، قومیں انہیں یاد رکھتی ہیں اور ان کے خاندان بجا طور پر فخرکے جذبے سے سرشار ہوتے ہیں ۔ لیکن ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ شہدا کے خاندان ایک المناک تبدیلی سے گزرتے ہیں ۔ ہم اپنے شہدا کو نہیں بھولیں گے۔ مسلح افواج کی شہدا کے خاندانوں کی دیکھ بھال کی اپنی شاندار روایت ہے ۔ شہدا کے خاندانوں اور غازیوں کی دیکھ بھال پورے معاشرے کی بھی مشترکہ ذمہ داری ہوتی ہے۔ یہ حکومتِ آزاد جموں وکشمیر کی بھی مساوی ذمہ داری ہے ۔ ہم شہدا کے لواحقین کا دکھ درد بانٹیں گے اور انہیں وہ سب مواقع فراہم کریں گے جن کے وہ حقدار ہیں ۔ میں اس موقع پر وزیراعظم کی مشاورت سے افواج پاکستان کے شہداء کیلئے پانچ لاکھ روپے کے عطیے کا اعلان کرتا ہوں ہم اس سے بھی زیادہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم یومِ دفاعِ پاکستان ایک رنج و الم کی فضا میں منا رہے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام ایک بار پھر ظلم و استبداد اور خوف و ہراس کا شکار بنا دیئے گئے ہیں۔ انہیں بے رحمی سے قتل کیا جا رہا ہے ۔ مجروح اور معذور کیا جا رہا ہے ۔ انہیں گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے لیکن ظلم کا ہاتھ روکنے والا کوئی نہیں ۔ ظالم کو سزاد ینے والا کوئی نہیں۔صدر سردار مسعودخان نے کہا کہ ہمارا یہ پیغام ہے نریندر مودی کے لیے : کشمیر میں قتل عام بند کر دو۔ ہماری موجودہ اور آنے والی نسلیں ، انسانیت کے خلاف تمھارے جرائم کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔ آزاد کشمیر کے عوام اور پاکستان کے عوام تمھیں ان جرائم کے لیے براہ راست ذمہ دار اور جوابدہ سمجھتے ہیں۔ ایک غیر قانونی قابض کی حیثیت سے ہندوستان بین الاقوامی انسانی قانون کاپابند ہے ۔بین الاقوامی برادری کی ان جرائم پر خاموشی یا دانستہ طور پر صرفِ نظر خود ایک مجرمانہ غفلت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کشمیر کے عوام کیلئے پیغام یہ ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ آپ کا درد ہمارا درد ہے ۔ آپ کے زخم ہمارے زخم ہیں ۔آپ کے آنسو ہمارے آنسوہیں۔ آپ کا غصہ ہمارا غصہ ہے۔ آپ کی برہمی ہماری برہمی ہے۔ہم آزادی کے نعرے لگاتے ہوئے زندگیاں قربان کرنے والے شہیدوں کے لیے ماتم کُناں ہیں۔اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ نوجوان مرد اور خواتین جو اپنی بصارت سے محروم ہو چکے ہیں ان سے میں یہ کہوں گا ایسا لگتا ہے کہ ھماری زندگیاں بھی تاریک ہو گئی ہیں۔ آپ مایوس نہ ہوں اللہ تعالی ہماری مدد کرے گا۔ ایک نئی صبح جلد طلوع ہو گی اور ہم ہی اِس کے نقیب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی تمام قوتیں مجتمع کر کے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی ہر طرح سے مدد کریں گے۔ ہم اپنا مقدمہ ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی برادری کے سامنے لے کر جائیں گے ۔ ہم حق و انصاف کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم ضرور کامیاب ہوں گے ۔ خدا ہمارا حامی و ناصر ہو گا۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے جی او سی 12ڈویژن میجر جنر ل محمد کلیم آصف نے کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر1947سے وطن کی خاطر جان کی قربانیاں دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور عزم کرتے ہیں کہ وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔پاکستان ایک طویل جدوجہد اور ہزاروں قربانیوں کے بعد وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے ۔دہشت گردی کی جنگ سرحدوں تک ہی محدود نہیں بلکہ شہری بھی اس کا نشانہ بن رہے ہیں ۔ آپریشن ضرب عضب ایک نظریے کانام ہے ،آج عزم کرنے کا دن ہے ،دہشت گردی سے پاکستان کو نجات دلا کر دم لیں گے ۔ لائن آف کنٹرول پر رہنے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب ایک نظریے کا نام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے ۔

Back to Conversion Tool

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes