پشاور: (یواین پی)صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ خیبر پختوپختوا حکومت سرکاری مشینری میں خود احتسابی اور شفافیت لانے کے لئے اندرونی آڈٹ کا بڑا قدم اٹھانے میں بھی ملک کی پہلی صوبائی حکومت بن گئی ہے، بہتر طرز حکمرانی اور عوامی خدمت کا نظام موثر بنانے کا پختہ عزم کئے ہوئے ہیں، خود کو اور اپنے محکمے کو مواخذے اور احتساب کے لئے پیش کرتا ہوں۔ نجی ٹی وی کے مطابق خیبر پختونخوا کے 11 بڑے محکموں میں اندرونی آڈٹ کا یہ نظام متعارف کرانے کے لئے منعقدہ ’’تربیتی ورکشاپ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے انٹرنل آڈٹ کا نیا طریقہ کار اس جانب اہم پیشرفت ہے، صوبائی حکومت کرپشن اور اقرباء پروری کے لئے آنکھیں بند کرنے اور محض سابقہ حکومتوں کو مورد الزام ٹہرانے کی بجائے بذات خود شفافیت اور خود احتسابی کی اعلیٰ مثالیں قائم کرے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنی وزارت محکمہ خزانہ کے حوالے سے خود کو اور اپنے محکمے کو مواخذے اور احتساب کے لئے پیش کرتے ہیں، موجودہ حکومت کے ٹھوس اقدامات کی بدولت صوبائی محکموں کی کارکردگی بدرجہا بہتر ہوئی ہے اور عوامی خدمات کی فراہمی اطمینان بخش انداز میں آگے بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اداروں میں سو فیصد شفافیت یقینی بنانے کے لئے ابتدائی مرحلے میں 11 بڑے محکموں کے انٹرنل آڈٹ سیلز میں 29 مستقل ٹیکنیکل افراد کا تقرر کیا گیا ہے، اسی طرح محکمہ خزانہ میں صوبائی انٹرنل آڈٹ سیل بھی قائم کیا گیا ہے جو ان تمام سیلز کی نگرانی و رہنمائی کرے گا انہوں نے امید ظاہر کی کہ وقت کے ساتھ اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور صوبے میں قانون اور میرٹ کا بول بالا ہو گا۔