فیصل آباد(یواین پی) فیصل آباد میں حساس اداروں نے کینال روڈ و دیگر علاقوں میں کومبنگ آپریشن کیا۔ آپریشن میں وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کے قریبی ساتھی اشفاق چاچو اور شیخ دانش کے گھر سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا جبکہ دو گاڑیاں بھی قبضہ میں لے لی گئیں۔تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں حساس اداروں کا کومبنگ آپریشن جاری ہے۔ آپریشن کے دوران صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کے دست راست اور فیصل آباد میں دوسرے رانا ثناءاللہ کے طور پر جانے جانیوالے اشفاق چاچو کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی جہاں سے اسلحہ برآمد کیا گیا جبکہ ایک گاڑی بھی قبضے میں لی گئی۔اشفاق چاچو رانا ثناءاللہ کے خاص معاملات میں پیش پیش ہوتے ہیں اور بھولا گجر قتل کیس کے مرکزی ملزم نوید کمانڈو نے بھی اشفاق چاچو کے مختلف جرائم میں ملوث ہونے کے متعلق انکشاف کیا تھا۔ آپریشن کے دوران شیخ دانش کے گھر کی تلاشی میں 5 کلاشنکوفیں برآمد کی گئیں۔ رانا ثناءاللہ کے بیشتر معاملات کو دیکھنے والے انکے قریب ترین ساتھیوں کے گھروں پر آپریشن کو خصوصی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔