دبئی (یو این پی) نیوزی لینڈ کی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، آسٹریلوی ٹیم سری لنکا کو دو میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کرنے کے بعد 1 درجہ ترقی پا کر پانچویں نمبر پر آ گئی، پاکستان کا ساتواں نمبر برقرار ہے، گلین میکسویل دنیا کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے، انہوں نے شکیب الحسن سے پہلی پوزیشن چھینی، بلے بازوں میں بھی میکسویل 16 درجے چھلانگ لگا کر تیسرے نمبر پر آ گئے۔ شاہد خان آفریدی ٹاپ ٹونٹی بلے بازوں اور باؤلرز میں موجود واحد پاکستانی ہیں۔ باؤلرز میں بدری کا پہلا نمبر برقرار ہے، فالکنر 4 درجے بہتری پا کر 5 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ہفتہ کو آئی سی سی نے آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز ختم ہونے کے بعد تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے تحت نیوزی لینڈ پہلے، بھارت دوسرے ویسٹ انڈیز تیسرے اور جنوبی افریقہ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، آسٹریلیا نے انگلینڈ کو چھٹی پوزیشن پر دھکیل دیا، پاکستان کا ساتواں نمبر ہے، شکست خوردہ سری لنکن ٹیم کا بھی آٹھواں نمبر برقرار ہے۔ بلے بازوں میں ویرات کوہلی پہلے، ایرون فنچ دوسرے نمبر پر موجود ہیں، میکسویل نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں حریف باؤلرز کی خوب درگت بنائی اور 16 درجے ترقی پا کر 19 ویں سے تیسرے نمبر پر آ گئے، گپٹل تنزلی کے بعد چوتھے اور ڈوپلیسی پانچویں نمبر پر چلے گئے، گیل دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ باؤلرز میں سیموئل بدری پہلے، عمران طاہر دوسرے اور بمرا تیسرے نمبر پر ہیں، جیمز فالکنر 4 درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آ گئے، آفریدی 3درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر چلے گئے، آل راؤنڈرز میں میکسویل نے دو درجے ترقی پا کر شکیب الحسن سے پہلی پوزیشن چھین لی، شکیب دوسرے نمبر پر چلے گئے، آفریدی تیسرے نمبر پر چلے گئے۔