کراچی (یواین پی) کراچی میں جگہ جگہ پڑی آلائشوں نے عید کا مزا کرکرا کر دیا۔ ضلع وسطی‘ ملیر‘ جیل چورنگی‘ نیو کراچی‘ نارتھ ناظم آباد سمیت اطراف میں آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے۔ انتظامیہ سمیت عملہ عید منانے میں مصروف ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا کام سست روی سے جاری ہے جس کی وجہ سے شہر کی سڑکوں پر آلائشوں کے انبار لگ گئے۔ عید الاضحیٰ سے قبل شہری انتظامیہ کی جانب سے آلائشیں اٹھانے کے دعویٰ کیے گئے تھے جو محض دعوے ہی ثابت ہوئے۔شہر کے بیشتر علاقوں خصوصاً ضلع وسطی میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کا کام نہ ہونے کی وجہ سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں جبکہ علاقے میں گندگی اور تعفن پھیل رہا ہے۔شہری شکایت کرتے نظر آتے ہیں کہ شہری انتظامیہ کو متعدد بار آلائشیں اٹھانے کیلئے کہا لیکن نتیجہ کچھ بھی نہیں نکلا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عید قرباں سے قبل آلائشیں اٹھانے کا اعلان اور کمپلین سینٹر کے قیام کے دعوے کرنے والی انتظامیہ اس پر عمل بھی کرلے تو کیا ہی بات ہے۔