وہاڑی( یواین پی)ایم این اے چودھری نذیر احمد ارائیں نے کہا ہے کہ حکومت زراعت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات کے پیش نظر فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے کاشتکاروں کو جدید زرعی فنی معلومات فراہم کی جارہی ہیں اور کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آگاہ کیا جا رہا ہے یہ بات انہوں نے گندم کی بوائی کے موقع پر گندم کے اچھے بیج کے حصول کے لیے حکومت کی طرف سے محکمہ زراعت کے دفاتر میں سیڈ گریڈر کی سہولت کا افتتاح کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر ڈی او زراعت چودھری صفدر گجر، ڈی ڈی او زراعت الطاف حسین بھی اس موقع پر موجو دتھے۔چودھری نذیر احمد ارائیں نے کہا کہ اچھی پیداوار کے لیے معیاری بیج کا استعمال نہایت ضروری ہے جبکہ ہمارے کاشتکار معیاری بیج کے استعمال کے حوالہ سے لاپرواہی کر جاتے ہیں جس کے نتیجہ میں ہماری فی ایکڑ مجموعی پیداوار میں کم آتی ہے اور مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو پاتے اس لیے حکومت نے محکمہ زراعت کے دفاتر میں سیڈ گریڈرز کی مفت سہولت فراہم کی ہے جس سے فائدہ اٹھا کر کاشتکار اپنا معیاری بیج تیار کر کے گندم کاشت کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کاشتکاروں کو گندم کے بیج کی ترقی دادہ اقسام فراہم کرتی ہے لیکن یہ مقدار15سے20فیصد ضروریات کو پورا کرتی ہے ڈی او زراعت چودھری صفدر گجر نے بتایا کہ سیڈ گریڈر گندم کے بیج کی اچھے طریقہ سے صفائی کرتا ہے اور ناقص دانوں کو الگ کر دیتا ہے جس سے کسان کو صحت مند بیج میسر آتا ہے جو فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ میں مددگار ثابت ہوتا ہے ۔اس لیے کاشتکار محکمہ زراعت کی طرف سے فراہم کردہ سیڈ گریڈرز کی مفت سہولت سے فائدہ اٹھا کر اپنی گندم کا بیج اچھی طرح صاف کر کے کاشت کریں