سرینگر(یو این پی)مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی دہشت گردی تھم نہ سکی، 72روزسے نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز، آنسوگیس اورمرچی سپرے سے تشدد کیا جارہا ہے، شہید کشمیریوں کی تعدادایک سوپانچ ہوگئی جبکہ زخمی افراد کی تعداد گیارہ ہزار سے زائدہے مقبوضہ کشمیر کے دس اضلاع میں بدستورکرفیو نافذ ہے۔حریت قیادت کو بھی نظربند ہی رکھا جارہا ہے۔تفصیلات کےمطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت تیسرے ماہ میں داخل ہوچکی ہے۔ہزاروں فوجیوں اورسکیورٹی فورسز کے باوجود بھارت کشمیریوں کو ان کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکا۔ کشمیریوں کا ایک ہی مطالبہ اور نعرہ ہے کہ لے کر رہیں گے آزادی۔۔کشمیر بنے گا پاکستان مگر بھارت ہے کہ ہٹ دھرمی پرقائم ہے اورکشمیریوں کو آزادانہ ریفرنڈم کا حق نہیں دیا جارہا،جس کی اقوام متحدہ نے بھی دہائی دی۔ بھارت میں نہ مانوں کی رٹ پر قائم ہے اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی مقبوضہ کشمیر کا دورہ نہیں کرنے دیا۔ نہتے کشمیری روز بھارتی مظالم اورکرفیوکے باوجود گھروں سے نکلتے ہیں کبھی جلسے جلوس تو کبھی آزادی مارچ کیا جاتا ہے مگر بھارت طاقت کے نشے میں ایسا مست ہے کہ اسے انسانی جان کی کوئی قدر نہیں حریت قیادت بھی بدستور نظربند اور گرفتار ہے۔