لاہور(یو این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے رات گئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے خفیہ ملاقات کی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے لاہور کینٹ میں رات گئے تفصیلی ملاقات کی ہے۔ ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں ملکی سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی رات گئے ملاقات کی سرکاری حکام نے تصدیق نہیں کی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اہم ملاقات میں ایسے معاملات بھی زیر غور آئے جنہیں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری جانب نجی ٹی وی نے بھی آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی لاہور میں موجودگی کی خبر دی ہے اور ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور میں اپنے قیام کے دوران آرمی چیف اہم ترین ملاقاتیں کریں گے۔