نیویارک(یو این پی) وزیر اعظم نواز شریف نیویارک پہنچ گئے، بدھ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے، خطاب میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے، منگل کو پناہ گزینوں کے حوالے سے کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نیویارک پہنچ گئے، امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی اور ملیحہ لودھی نے وزیر اعظم کا استقبال کیا، وزیر اعظم بدھ کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، وہ جنرل اسمبلی کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کی توجہ کشمیر کے مسئلے پر مبذول کروائیں گے۔ اپنے دورے کے دوران نواز شریف سعودی ولی عہد، امریکی وزیر خارجہ بانکی مون سے ملاقاتیں کریں گے نواز شریف نیویارک میں پاک امریکہ بزنس کمیونٹی سے بھی خطاب کریں گے، جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کشمیر کے حل سے متعلق اقوام متحدہ کے قرارداد پر عملدرآمد کرانے پر زور دیں گے اور اقوام عالم کی توجہ کشمیر کے مسئلے پر مرکوز کریں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف کا گزشتہ تین سال میں جنرل اسمبلی سے یہ چوتھا خطاب ہے، علاوہ ازیں وہ نیوزی لینڈ، ایران کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے۔