نیویارک:(یو این پی) وزیراعظم نوازشریف نےاقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کو بھارتی قابض فوجیوں کے جانب سے بے گناہ اور نہتے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے ثبوت فراہم کردیئے۔نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس میں خطاب کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوجیوں کی جانب سے مظلوم نہتے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 74 دن سے مسلسل مقبوضہ کشمیر میں عوام کی جانب سے کئے جانے والے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے ظلم اور جبر کیا جارہا ہے اور اب تک 100 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ہے، بھارتی فورسز جانوروں کو نشانہ بنانے والی چھرا بندوقیں بے گناہ اور نہتی کشمیری خواتین اور بچوں پر کررہا ہے جس سے سیکڑوں افراد بینائی سے محروم ہوگئے ہیں، یہ صورتحال بھارت اور بھارتی فوجیوں کی غیر انسانی اور وحشیانہ ذہنیت کا مظہر اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ وزیر اعظم نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات کرائی جائے۔