دبئی(یوا ین پی)پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک اور خالد لطیف کی عمدہ بیٹنگ کے بعد پاکستان کے بولرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت پاکستان نے عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز کودوسرے میچ میں بھی شکست دے کر تین میچوں کی سیریز جیت لی، سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 27 ستمبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔ دوسرے میچ کا ٹاس ویسٹ انڈیز کے کپتان کارلوس براتھ ویٹ نے جیتا اور پاکستان کوبیٹنگ کی دعوت دی، دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنائے جس میں کپتان سرفراز احمد 46، شعیب ملک 37 اور خالد لطیف کے 40 رنز شامل تھے یوں ویسٹ انڈیز کی 161 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 144 رنز تک محدود رہی اور 16 رنز سے شکست کھا گئی۔ ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، پہلی وکٹ 12، دوسری 15، تیسری 19 اور چوتھی وکٹ 45 جبکہ 82 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ آندرے فلیچر 29، سنیل نارائن 30 بنائے جبکہ دیگر بیٹسمینوں میں براوو 18 اور پولارڈ 18 رنز بنا کر قابل ذکر رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور سہیل تنویر نے تین، تین جبکہ وہاب ریاض، عماد وسیم اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز پاکستان کیخلاف سیریز میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور تین میچز کی سیریز میں دو مسلسل ہار کر سیریز بھی گنوا دی۔ سرفراز احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔