پیمرا نے بھارتی ٹی وی چینلز کی نشریات پر شرائط عائد کر دیں

Published on October 4, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 279)      No Comments

13
اسلام آباد(یو این پی) پیمرا نے پاکستان میں انڈین ٹی وی چینلز کی نشریات کو بھارت میں پاکستانی آرٹسٹ اور چینلز کی نشریات سے مشروط کر دیا جس کی سمری وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کا اجلاس چیرمین ابصار عالم کی زیر صدارت ہوا جس میں سیکریٹری داخلہ عارف احمد خان اور سیکریٹری انفارمیشن صبا محسن اور چیرمین ایف بی آر ناصر محمد خان سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں انڈین ٹی وی چینلز اور انڈین مواد نشر کرنے کی اتنی ہی اجازت دی جائے جتنی انڈین حکومت پاکستانی میڈیا اور پاکستانی آرٹسٹ اور ڈرامہ کو دے گی۔ پیمرا نے فیصلہ کیا کہ پاکستان میں انڈین چینلز اور مواد چلنے کی اجازت صرف اسی صورت میں دی جائے گی جب بھارت بھی پاکستانی چینلز اور مواد کو وہاں نشر کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ پیمرا اجلاس کے بعد ایک سمری وفاقی حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے جس میں واضح سفارشات دی گئی ہیں کہ پاکستان میں انڈین چینلز اور مواد کی نشریات کو انڈیا کی اجازت سے مشروط کیا جائے کیوں کہ اس سے پاکستانی میڈیا انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ اتھارٹی نے فیصلہ کیا کہ 15 اکتوبر 2016 کے بعد تمام غیر قانونی چینلز اور غیر قانونی مواد کے خلاف پیمرا قوانین کے مطابق کارروائی کا آغاز بلا تفریق اور امتیاز کر دیا جائے گا جب کہ اجلاس میں رائٹس پرمیشن سے متعلق پالیسی کا بھی اعلان کیا گیا جس کے تحت فیسوں میں نمایاں کمی کی گئی اور تمام مراحل کو سہل بنایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بین القوامی چینلز کو پاکستان لایا جا سکے۔ واضح رہے بھارت کی جانب سے مسلسل پاکستانی اداکاروں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور انہیں بھارت سے نکلنے کا کہا جا رہا ہے جب کہ ان کی فلموں کی نمائش پر بھی پابندی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes