نئی دہلی(یو این پی)بھارتی اداکار اوم پوری نے سچائی کی ترجمانی کر دی۔ انہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انڈیا کی پاکستان مخالف پالیسی کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب بھارتی میڈیا‘ حکومتی وزرا‘ سیاستدان اور دیگر شخصیات پاکستان کیخلاف پراپیگنڈا کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں ایسے میں اوم پوری نے سچائی دامن ہاتھ سے جانے نہ دیا اور میڈیا پر سچائی کی ترجمانی کر دی۔انڈیا میں انٹرویو کے دوران پروگرام کے میزبان نے اوم پوری سے سوال کیا کہ بھارتی فوجیوں کو جان سے مارا گیا جس پر انہوں نے فوراً جواب دیا انہیں کس نے مشورہ دیا تھا کہ وہ فوج میں جائیں۔ انہیں کس نے کہا تھا کہ وہ ہتھیار اٹھائیں؟ میزبان نے سوال داغا آپ کو اس بات کی کوئی قدر نہیں کہ ہمارے فوجی مارے گئے ہیں ؟ انہوں نے جواب دیا میرا باپ خود فوجی تھا اور ان کا بیچ نمبر بھی بتا دیا۔بھارتی اداکار نے طنزیہ انداز میں کہا آپ پندرہ بیس خودکش بمبار تیار کریں اور انہیں دھماکوں کیلئے پاکستان بھیج دیں۔ انہوں نے یہیں پر بس نہ کیا۔ اوم پوری نے جرات مندانہ لہجے میں کہا کیا آپ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور انڈیا کی دشمنی ایسی ہو جیسی اسرائیل اور فلسطین کی ہے اور آپ برسوں لڑتے رہیں؟ انڈیا کروڑوں مسلمانوں کا گھر ہے جنگ کیلئے اپنے آپ کو ثابت کرنے کیلئے ان کے پاس کوئی وجہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا بیشمار بھارتیوں کے رشتہ دار سرحد کے اس پار رہتے ہیں اس صورت میں وہ اپنے ہی خاندانوں کیخلاف جنگ کیسے لڑ سکتے ہیں ؟ انہوں نے کہا فن اور سیاست کو علیحدہ علیحدہ ہونا چاہیے کیونکہ ان پر پابندی لگا دینے سے صورتحال تبدیل نہیں ہو سکتی۔اوم پوری کا کہنا تھا کہ پاکستانی فنکار انڈیا میں غیرقانونی طریقے سے نہیں آتے بلکہ قانونی طور پر ورک ویزے پر آتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا آپ چاہتے ہیں پاکستانی فنکار انڈیا نہ آئیں تو وزیراعظم نریندر مودی کے پیروں میں جا کر بیٹھ جائیں اور انہیں منع کر دو۔