لاہور (یواین پی) سپیکر قومی ا سمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ تیس اکتوبر کو اسلام آباد بند نہیں ہو گا۔ عمران خان بالغ ہیں انہیں کوئی مشورہ نہیں دوں گا۔ موصول ہونے والے آٹھ ریفرنس اطلاع کے لیے الیکشن کمیشن کو بھیج دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کوئین میری کالج لاہور میں نئی عمارت کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں موصول ہونے والے آٹھ ریفرنسز اطلاع کے لیے الیکشن کمیشن کو بھیج دیے ہیں۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک سے سرمایہ کاروں کو بھگانے کی کوشش کی جارہی ہے اور ایسی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔ 30 اکتوبر کو اسلام آباد کھلا رہے گا۔ کشمیر کے معاملے پر بلائے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں موضوع سے ہٹ کر بات کرنے کے معاملے پر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ کسی رکن کو روکا جاسکتا ہے نہ ہی کسی کا منہ بند کیا جاسکتا۔