لاہور(یوا ین پی)لاہورانتظامیہ کے ذرائع نے یونی ویژن نیوز کو بتایاکہ یوم عاشور کے اختتام تک امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے ، خوشگوار فضاکے قیام ، اتحاد و یگانگت کے جذبہ کے فروغ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے اہم مذہبی و سیاسی شخصیات کو بھر پور سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس ضمن میں محکمہ داخلہ کی جانب سے تمام ڈویڑنل کمشنرز ، ریجنل پولیس آفیسرز، رینج ڈی آئی جیز ،سی پی او، ڈی سی اوز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ز کے نام جاری کئے گئے ارجنٹ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ یوم عاشور کے اختتام تک تمام مسالک کے علمائے کرام ، مشائخ عظام ، مذہبی دانشوروں ، ذاکرین اہل بیت اور سیاسی و دینی شخصیات کو بھر پور تحفظ کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور شرپسند عناصر کے ساتھ حساس عبادت گاہوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کسی کو بد امنی پھیلانے کا موقع نہ مل سکے، چونکہ شر پسند عناصر کی جانب سے کسی بھی جگہ غیر قانونی اقدام کا خدشہ رہتاہے اس لئے سکیورٹی کے نقطہ نظر سے بھر پور اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے یوم عاشور تک امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے عوام الناس سے بھی ہر ممکن تعاون کی اپیل کی ہے۔