کراچی(یو این پی) شہرقائد میں آج بلاول ہاؤس سے کارساز تک سلام شہداریلی نکالے گی ریلی کی قیادت چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔تفصیلات کےمطابق سانحہ 18 اکتوبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پیپلز پارٹی آج بلاول ہاوؤس سے کارساز تک سلام شہدا ریلی نکالےگی۔جس میں شرکت کےلیے کراچی اور اندرون سندھ سے کارکنوں کی بڑی تعداد ریلی میں شرکت کے لیے کراچی پہنچی ہے۔یہ ریلی جن علاقوں سے گذرے گی ان میں وہ علاقے بھی شامل ہیں جہاں ان کی والدہ بے نظیر بھٹواورناناذوالفقارعلی بھٹو بھی ریلیاں نکال چکے ہیں۔خیال رہےکہ انیس سوستر میں ذوالفقارعلی بھٹو کی آمد کے بعد لیاری میں جئے بھٹو کے نعرے لگے جس کی گونج آج بھی قائم ہے۔انیس سو چھیاسی میں بے نظیر بھٹوکی وطن واپسی کے موقع پر اس علاقے کے لو گوں کا والہانہ استقبال اور عوام کاسمندر پاکستان کی تاریخ کا حصہ ہے۔بلاول بھٹو زرداری کے استقبال کےلیے ریلی کے راستوں کو پارٹی بینرز سے سجایا گیا ہے۔ریلی کی سیکورٹی کےلیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز رات گئے بلاول بھٹو زرداری کارکنوں کا جوش وخروش بڑھانے استقبالیہ کیمپ پہنچے تھے۔اس موقع پر جیالے اپنے چیئرمین کو اپنے درمیان دیکھ کر پر جوش ہوگئے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین نےاس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے عزم ظاہر کیا تھاکہ سلام شہداء ریلی تاریخی ثابت ہوگی۔کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے گزشتہ روز ٹریفک پلان جاری کیاگیا تھاجس کےمطابق ریلی کے دوران شاہراہ قائدین سے ڈرگ روڈ تک ٹریفک اتوار کو عام پبلک کے لیے بند رکھنے کا کہاتھا۔واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے نو جوان قائد بلاول بھٹو زرداری 2007 میں بے نظیربھٹو بھٹو شہیدکی استقبالی ریلی پر ہو نےوالے بم دھما کوں کے شہداکی یادمیں ریلی نکال رہے ہیں۔بلاول اپنی والدہ و ناناکے استقبال کی یادتازہ کردیں گے۔