شہباز شریف کا عمران خان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان

Published on October 27, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 401)      No Comments

333
لاہور(یو این پی)  وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 26 ارب روپے سے زائد ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے تواتر سے الزامات کے بعد اب فیصلہ کیا ہے کہ اس معاملے کو عدالت میں لے کر جایا جائے اور اس حوالے سے ان کے خلاف 26 ارب 54 کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے جا رہا ہوں جب کہ عدالت سے استدعا ہے کہ اس کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بعد عمران خان کی جانب سے لگائے جانے والے کسی الزام کا جواب نہیں دوں گا، گزشتہ ادوار اور موجود دور حکومت میں بھی اگر عمران خان ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت کر دیں تو میں اور میرے بچے سیاست سے دور ہو جائیں گے اور اگر عدالت عمران خان کے خلاف فیصلہ دے تو قوم کو ان کا فیصلہ خود کرنا چاہیے۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں جاوید صادق میرے فرنٹ مین ہیں جنہیں ترقیاتی ٹھیکے دیئے جاتے ہیں، جس فرنٹ مین کی بات کرتے ہیں کھلی دعوت دیتا ہوں اگر کرپشن کا ایک دھیلہ بھی ثابت ہو جائے تو عوام کا مجرم ہوں گا، لاہور رنگ روڈ بنانے کے لئے بڑی کوشش کی کہ جاوید صادق کی کمپنی بڈ کرے لیکن ان کی بڈ نامنظور ہوئی جب کہ سیف سٹی پراجیکٹ اور بہاولپور پراجیکٹ میں جاوید صادق کی بٹ ری جیکٹ کی گئی اگر جاوید صادق فرنٹ مین ہوتا تو کوئی بڈ نامنظور نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ عرفہ آئی ٹی ٹاور کا کنٹریکٹ ہم نے نہیں پرویز الہیٰ کی حکومت نے دیا تھا اور اس منصوبے کو ہم نے صرف مکمل کیا جب کہ ہم پر اتفاق فاؤنڈری کا سریا استعمال کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے جو 15 سال سے بند ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے سی پیک منصوبہ التوا کا شکار ہوا، اپنے پچھلے دھرنے میں بھی انہوں نے سی پیک منصوبے کو نقصان پہنچایا جب کہ اب 2 نومبر کو پاکستان بند کرنے کا ناپاک منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 2014 کے دھرنے میں بھی پاک چین دوستی کو نقصان پہنچایا، جس کی وجہ سے چینی صدر پاکستان کا دورہ نہ کر سکے، نواز شریف کی قیادت میں سی پیک منصوبوں پر برق رفتاری سے کام ہو رہا ہے، سی پیک پر برق رفتاری سے کام ہونے پر بھی انہیں تکلیف ہو رہی ہے جب کہ عمران خان مخالفت میں مودی سے بھی آگے نکل چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر وزیر اعظم نواز شریف نے خود کو سپریم کورٹ میں پیش کرنے کا دلیرانہ فیصلہ کیا جس کے بعد پاناما لیکس کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes