پشاور (یواین پی) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے وفاقی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ حکومت ہمیں گولی مارے یا رکاوٹیں کھڑی کرے ہر صورت دھرنے میں شرکت کریں گے اور اگر موٹر وے نہ کھلی تو پورے صوبے کو اسلام آباد لے کر جائوں گا۔ ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو دوسرے صوبے میں جانے سے روکنا ظلم اور بادشاہت ہے۔ سڑکیں اور راستے بند کر کے عوام کو ذلیل و خوار کیا جا رہا ہے۔ عوام کو احتجاج کرنے اور اپنے آئینی حق کے استعمال سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ اگر مجھے اسلام آباد آنے سے روکا گیا تو نوازشریف کو بھی صوبے میں نہیں آنے دیں گے۔ نواز شریف کل کوہاٹ سے ہو کر گئے، ہم نے تو کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ میرے آنے پر بھی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ یہ میرے صوبے کا مسئلہ ہے، میں خاموش ہو کر نہیں بیٹھ سکتا، اگر کچھ نہیں کر سکتا تو میں کس کام کا وزیراعلیٰ ہوں، ایسی کرسی پر لعنت بھیجتا ہوں۔