اسلام آباد (یو این پی)اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماﺅں عارف علوی اور عمران اسماعیل کو گرفتاری کے بعد رہا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق دونوں رہنما دھرنے میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچے تو پولیس کی بھاری نفری نے انہیں آگے جانے سے منع کر دیا جس پر عارف علوی اور عمران اسماعیل سڑک کنارے بیٹھ گئے اور دھرنا دے دیا۔تھوڑی ہی دیر بعد پولیس اہلکاروں نے انہیں زبردستی پکڑا اور دھکیلتے ہوئے گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔ گرفتاری کے بعد نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں عارف علوی نے کہا وہ موجودہ حکومت سے کوئی امید نہیں رکھتے۔ گرفتاریاں نہ کر نے کا کہہ کے جھوٹ بولا گیا۔ ہماری جنگ کرپشن سے آزادی کی جنگ ہے۔انہوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال پر سوموٹو ایکشن لے۔ میڈیا پر پی ٹی آئی رہنماﺅں کی گرفتاری کی خبر چلنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے دونوں کی رہائی کا حکم دیا جس پر عارف علوی اور عمران اسماعیل کو رہا کر دیا گیا۔