رحیم یار خان(یو این پی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو حکمرانوں پر برس پڑے۔ کہتے ہیں شیر کے شکار کے لیے تیر کا استعمال کریں گے۔ عوام کے ووٹ سے تخت رائیونڈ بھی گرائیں گے۔ اگر نواز شریف نے ہمارے چار مطالبے نہ مانے تو پیپلز فورس شیر کو بھاگنے نہیں دےگی۔تفصیلات کے مطابق کپتان کا دھرنا ختم ہوا تو حکومت نے سکھ کا سانس لیا لیکن یہ راحت بھی عارضی ثابت ہوئی کیونکہ دوسرے محاذ سے بلاول بھٹو حکمرانوں کے خلاف میدان میں اتر آئے ہیں۔ رحیم یارخان میں مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے نوجوان لیڈر نے اپنی توپوں کا رخ وزیراعظم کی جانب ہی رکھا۔ انہوں نے کارکنوں کو تسلی دی کہ وہ مایوس نہ ہوں تیر کمان سے نکل چکا ہے۔اگر نواز شریف نے ہمارے چار مطالبے نہ مانے تو ستائیس دسمبر کو پیپلز فورس تیار ہو گی جو شیر کو بھاگنے نہیں دےگی۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم کے ساتھ ساتھ کپتان پر بھی گولہ باری کی اور کہا کہ ایک کھلاڑی کیسے شیر کا شکار کرےگا۔ بلا کھیلنے کےلئے ہوتا ہے اور شیر کے شکار کےلئے تیر ہوتا ہے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی میں تبدیلی لا رہے ہیں۔ اگر عوام ساتھ دیں گے تو پاکستان میں بھی تبدیلی لائیں گے۔ ووٹ کی طاقت سے تخت رائیونڈ بھی گرائیں گے۔ اس سے پہلے بلاول بھٹو جب جنوبی پنجاب کے دورے پر پہنچے تو کارکنوں نے ان کا جوش وخروش سے استقبال کیا۔ کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔