کراچی(یو این پی)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے کہاہے کہ تمام فیلڈ کمانڈرز آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور طاقت سے جواب دینگے۔تفصیلات کےمطابق نیول ہیڈکوارٹرز میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس کا انعقاد پاک بحریہ کے سربراہ کی صدارت میں ہوا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس کے دوران نیول چیف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی اس موقع پر محمد ذکاءاللہ کاکہنا تھا کہ اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار اور مشترکہ طورپر آپریشنز کی بہترین صلاحیتوں کے حصول کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ساحلی سکیورٹی کی مشقیں ضروری ہیں۔ انہوں نے تمام فیلڈ کمانڈرز پر زور دیا کہ اپنے ایریا آف رسپانسیبیلٹی میں مستقل چوکنا رہیں۔ کسی نے جنگ مسلط کی تو پوری طاقت سے جواب دینگے۔ ترجمان پاک بحریہ کاکہناتھا کہ کانفرنس میں گوادر بندرگاہ کی حفاظت اور پاک چین اقتصادی راہداری سے جڑی بحری سکیورٹی سے متعلق ترجیحات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ نیول چیف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔