اسلام آباد(یو این پی)عمران خان پاناما لیکس کیس کی تیاریوں کے حوالے سے متحرک ہوگئے ،کپتان نے پارٹی رہنماوں اور لیگل ٹیم سے الگ الگ ملاقات کی اور مزید ثبوت اکٹھے کرنے کی ہدایت دی، عمران خان نے میجر طاہر صادق کے ساتھ اٹک میں مشترکہ مقامی حکومت بنانے کی بھی منظوری دے دی۔تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف نے پاناما لیکس کی آئندہ سماعت کے حوالے سے تیاریاں تیز کردیں، چیئرمین عمران خان نے پہلے بنی گالہ میں پارٹی رہنماوں سے ملاقات کی اور میڈیا اسٹریٹجک کمیٹی سے پیش رفت پر بریفنگ لی ، پھر پاناما لیکس کیس پر مشاورت کے لیے کپتان نے لیگل ٹیم کو بھی بلوا لیا، وکلا کی ٹیم نے عمران خان کو کیس کی آئندہ سماعت کی تیاری کے حوالے سے اپنی حکمت عملی بتائی، عمران خان نے لیگل ٹیم کو ہدایت کی کہ سپریم کورٹ میں ٹھوس شواہد کے ساتھ پیش ہوا جائے شریف خاندان اور وزراء کے تضاد بیانات کو بھی ثبوتوں کا حصہ بنایا جائے، عمران خان سے بنی گالہ میں مسلم لیگ ق کے رہنما میجر ر طاہر صادق نے ملاقات کی،اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا،ملاقات میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق اٹک نے اٹک میں مشترکہ مقامی حکومت بنانے کا فیصلہ بھی کرلیا ، جس کی عمران خان نے باضابطہ منظوری دے دی ہے ، فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کے منتخب یوسی چیئرمینز ضلعی حکومت کے لیے میجر طاہر صادق کو ووٹ دیں گے اور بدلے میں طاہر صادق پی ٹی آئی کی سیاسی حمایت کریں گے۔ دوسری جانب عمران خان سے بابر اعوان نے بھی ملاقات کی اور حلقہ این اے 110 کے حوالے سے عدالتی کارروائی اور متوقع فیصلے پرتبادلہ خیال کیا۔