لاہور (یو این پی) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ان کا کوئی یو ٹرن نہیں ہو گا۔ حکومت ستائیس دسمبر تک ہمارے مطالبات تسلیم کرے۔ پارٹی کی تنظیم نو کر رہے ہیں۔ پورا لاہور گونجے گا بھٹو دے نعرے وجن گے۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کل بھی زندہ تھی اور آج بھی زندہ ہے۔ جہانگیر بدر کی رہائش گاہ پر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا جہانگیر بدر کا انتقال پارٹی کے لیے بڑا نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پیپلزپارٹی کا کمال ہے کہ جہانگیر بدر جیسا کارکن پارٹی کا سیکرٹری جنرل بنا۔ انہوں نے میرے نانا، میری والدہ اور میرے ساتھ بھی مل کر کام کیا تھا۔ اب ان کے بیٹے اور میں مل کر کام کریں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت ستائیس دسمبر تک ان کے مطالبات تسلیم کرے۔ ہم اپنے مطالبے میں پرامن ہیں اور کوئی یوٹرن نہیں لیں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وہ بہت جلد پنجاب کی تنظیم کا اعلان کریں گے۔ بلاول بھٹو نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ پنجاب اور لاہور کو پیپلزپارٹی کا قلعہ بنا کر دکھائیں گے۔