مقامی پولیس افسر کی شادی کی تقریب جاری تھی کہ خودکش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری کار کو تقریب کے اندر جاکر اڑادیا
بغداد(یو این پی) عراقی شہر فلوجا میں شادی کی تقریب میں خود کش حملے سے کم از کم 40 افراد ہلاک جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراق کے شہر فلوجا میں مقامی پولیس افسر کی شادی کی تقریب میں خودکش حملے میں اب تک کم از کم 40 افراد ہلاک اور 60 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔عراقی حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلوجا کے 35 کلومیٹر جنوب میں واقع ایک قصبے میں مقامی پولیس افسر کی شادی کی تقریب جاری تھی کہ خودکش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری کار کو تقریب کے اندر جاکر اڑادیا جس کے نتیجے میں فوری طور پر 17 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ریسکیو رضاکاروں اور پولیس کی مدد سے زخمی ہونیوالے افراد کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا تاہم زخمیوں میں سے 23 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے اورتاحال 60 زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے‘پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی لیکن ہمیں یقین ہے کہ شدت پسند تنظیم داعش ہی اس حملے میں ملوث ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی فلوجا کے شمال مغرب میں 2 خود کش حملے ہوئے تھے جس میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور ان دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسندتنظیم داعش نے ہی قبول کی تھی۔