کابل(یو این پی) افغانستان میں طالبان کے ایک پولیس سٹیشن پر حملے میں کم از کم تیرہ سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبائی پولیس کے نائب سربراہ محمد غوث مالیار نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران بتایا کہ بڑی تعداد میں طالبان نے ضلع باکوا کے پولیس سٹیشن پر اچانک دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں تیرہ پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حملے میں متعدد پولیس گاڑیاں او حکومتی عمارات بھی تباہ ہوگئیں۔ حملہ آوروں نے پولیس کے بھاری تعداد میں ہتھیار بھی قبضے میں لے لئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد چار پولیس اہلکار لاپتہ بھی ہوگئے ہیں جن کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہوں نے طالبان کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔