مانچسٹر(یو این پی) ’’شادی سے متعلق مجھ سے مشورہ نہ لیں، میرا ٹریک ریکارڈ ٹھیک نہیں ہے، دعا کریں کہ میری تیسری شادی کامیاب ہو‘‘۔یہ بات تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مانچسٹر میں اپنے ایک دوست کی بہن کی شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران اپنے ایک دوست کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔نجی ٹی وی کے مطابق تقریب کے دوران جب ایک دوست نے عمران خان سے اپنی شادی کے بارے میں مشورہ مانگا تو انھوں نے کہا کہ شادی سے متعلق مجھ سے مشورہ نہ لیں، میرا ٹریک ریکارڈ ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعا کریں کہ میری تیسری شادی کامیاب ہو۔ عمران خان اپنی شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے شرما گئے جبکہ تقریب میں موجود لوگوں نے تیسری شادی کی بات پر خوشی کا اظہار کیا۔حال ہی میں ہندوستان ٹائمز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ 2طلاقوں کے بعد ان کا شادی پر یقین مزید پختہ ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی کے بارے میں سب سے بہترین بات یہ ہے کہ زندگی ناقابل یقین ہے، آپ نہیں جانتے کہ کل کیا ہونے والا ہے۔ اس انٹرویو کے بعد سے عمران خان کی تیسری شادی کے متعلق خبریں گردش کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ عمران خان اس سے پہلے دو مرتبہ شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔ ان کی پہلی شادی جمائما گولڈ سمتھ سے 1995 میں ہوئی جو 2004 تک برقرار رہی۔ جمائما سے عمران خان کے دو بیٹے ہیں۔ ان کی دوسری شادی ریحام خان سے ہوئی مگر اسی برس دونوں میں طلاق ہو گئی۔