کانپور(یو این پی)بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع کانپور میں اتوار کی صبح ہونے والے مسافر ٹرین کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 145ہو گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 180سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔شمالی خطے کے محکمہ ریل میں تعلقات عامہ کے افسر امت مالویہ نے پیر کی صبح مقامی صحافی روہت گھوش کو بتایا ہے کہ اب تک 145لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 180ہے۔حکام کے مطابق اتوار کی رات تک 133لاشیں نکالی گئی تھیں اور پیر کو نو مزید لاش ملی ہیں۔اس حادثے میں ‘پٹنہ اندور انٹرسٹی’ ٹرین کے 14ڈبے پٹری سے اتر گئے تھے۔ ٹرین اندور سے پٹنہ جا رہی تھی جب صبح 3بجے کے قریب پوکھرایاں میں یہ حادثہ پیش آیا تھا۔اس سے قبل آرمی بریگیڈ کانپور سٹیشن بی ایم شرما نے بتایا تھا کہ ہم رات بھر امدادی کام کرنے کی تیاری کر چکے ہیں، لائٹیں نصب کر دی گئی ہیں۔ ریلوے کرینیں بھی امدادی کاموں میں شامل ہیں۔ٹرین کی بوگیوں کے پٹری سے اترنے کی وجہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکی ہے،پی ٹی آئی کے مطابق وزیر مملکت برائے ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے بورڈ ممبران حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن اور ملبہ ہٹانے کام اب بھی جاری ہے۔ریاست کے جی ڈی پی جاوید احمد نے میڈیا سے بات چیت میں بتایا تھا کہ ٹرین کی دو بوگیاں ایک دوسرے میں پھنس گئی تھیں اور انھیں کاٹ کر اندر پھنسے مسافروں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ریلوے کے اعلی اہلکار انیل سکیسینا کا کہنا ہے کہ کئی مسافر ابھی بھی ڈبے میں پھنسے ہوئے ہیں۔انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ٹرین حادثے پر شدید غم کا اظہار کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ وہ متاثرہ افراد کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ انھوں نے وزیر ریل سوریش پرہبھو سے بات کی ہے جو موجود حالات کی نگرانی خود کر رہے ہیں۔انڈیا کے وزیر ریل کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ واقعے فوری کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثا کو معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حادثے میں مزید ہلاکتوں کا امکان ہیکانپور سٹیشن ریلوے کے اہم جنکشنز میں سے ایک ہے اور یہاں سے ہر روز سینکڑوں ٹرینیں گزرتی ہیں۔ریلوے کے ترجمان انیل سکسینا نے بتایا کہ کانپور سے گزرنے والی دوسری ٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔انڈیا میں ریلوے کا نظام پرانا ہونے کے سبب ٹرین کے حادثے معمول کی بات ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق انڈیا میں ایک دن میں دو کروڑ 30لاکھ افراد ٹرین کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔