کراچی (یواین پی)وزیر اعظم نواز شریف دفاعی نمائش آئیڈ یاز 2016کا افتتاح کرنے کے لیے پہنچ گئے جہا ں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کا استقبال کیا ۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی دفاعی نمائش کے افتتاح کے لیے وزیر اعظم نواز شریف وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ ایکسپوسنٹر کراچی پہنچے جہاں پہلے سے موجود آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم کا استقبال کیا ۔
کراچی کے ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا باقاعدہ آغاز آج سے ہوگا جو 4 روز تک جاری رہے گی۔ وزیراعظم نواز شریف ہتھیاروں کی نمائش کا افتتاح کریں گے۔نمائش میں 43 ممالک سے 90وفود شرکت کررہے ہیں اور ان میں سے 30 مندوبین اعلیٰ سطح کے ہیں جن کی سربراہی ان ملکوں کے وزیر دفاع، ڈیفنس سی ریٹریز، چیف ڈیفنس اسٹاف یا حاضر چیفس خود کریں گے ، مجموعی طور پر 261 غیرملکی اور 157 پاکستانی کمپنیاں شریک ہوں گی جبکہ 34 ممالک کی 418 کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کریں گی۔
نمائش اور سیمینار میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی ، وزیر دفاع ، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سمیت دیگر وفاقی وزرا شرکت نے بھی شرکت کی ہے جبکہ نمائش میں رجسٹرڈ عام شہری بھی آرہے ہیں۔دوسری جانب دفاعی نمائش کا سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔پلان کے مطابق 2 ایس پیز ، 4 ڈی ایس پیزسمیت 2 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات ہوں گے۔سوک سینٹر کے اطراف سڑکیں ٹریفک کے لئے بند رہیں گی جب کہ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق یونیورسٹی روڈ کو ٹریفک کے لئے بند نہیں کیا جائے گا۔