لاہور:(یو این پی) پنجاب میں جرائم کی شرح میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے جبکہ شہریوں کو ڈاکووں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جرائم میں سٹریٹ کرائم اور خواتین سے زیادتی سرفہرست ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب بھر میں جرائم کے واقعات آسمان کو چھو رہے ہیں۔ سٹریٹ کرائمز میں 26 فیصد جبکہ خواتین سے زیادتی کے واقعات میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ایسے واقعات کے 2 ہزار 354 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 9 ماہ کے دوران 3 لاکھ 12 ہزار 418 مختلف کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں جرم کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ باعث تشویش ہے، پنجاب میں جرائم پر قابو پانے کیلئے ہر سال سکیورٹی کے نام پر لاکھوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں لیکن جرائم کے واقعات میں کوئی خاطر خواہ کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔ لاہور میں ڈولفن فورس، پیرو فورس، کوئیک ریسپانس فورس و دیگر فورسز موجود ہیں لیکن واردات کے وقت فورسز دور دور تک نظر نہیں آتیں۔ گزشتہ روز بھی لاہور میں ٹریفک سگنل پر دن دیہاڑے ہونے والی واردات کی ویڈیو منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا میں وائرل ہو گئی جس کا حکام نے نوٹس لے لیا اور حسب روایت پولیس کو 72 گھنٹوں میں مجرموں کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔