ممبئی(یو این پی) بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تاہم آئی سی سی نے ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے سے انکار کردیا۔انگلینڈ کے خلاف راجکوٹ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے پکڑے گئے ہیں، اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں کوہلی چیونگم چباتے ہوئے اس پر ہاتھ لگا رہے ہیں اور پھر وہی ہاتھ گیند پر رگڑ رہے ہیں۔ویڈیو میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی کپتان گیند کو شائن کرنے کی غیر قانونی کوشش کررہے ہیں تاکہ ان کے بالرز کو گیند کی شائننگ سے فائدہ اٹھاسکیں۔ویرات کوہلی کی اس حرکت پر ہلچلل مچی ہوئی ہے اور مبصرین نے آئی سی سی سے اس معاملے پر فوری اور سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس معاملے پر روایتی چشم پوشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جانبداری کا مظاہرہ کررہی ہے،آئی سی سی کا موقف ہے کہ اس ویڈیو کی بنیاد پر کوہلی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاسکتی کیونکہ یہ 9 دن پرانا واقعہ ہے اور قانون کے مطابق کسی بھی قسم کی شکایت اس واقعے کے 5 دن کے اندر کی جاسکتی ہے۔واضح رہے کہ منگل ہی کے روز جب کوہلی کی یہ ویڈیو سامنے آئی ہے وہیں آئی سی سی نے پروٹیز کپتان فاف ڈوپلیسی پر بال ٹیمپنگ کا الزام ثابت ہونے ہر میچ فیس کا 100 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔