استنبول(یواین پی) ترکی میں ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہونے کے الزام میں فوجیوں اور پولیس اہلکاروں سمیت مزید پندرہ ہزار سرکاری ملازمین کو برطرف کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ترکی نے جولائی میں ہونے والی ناکام بغاوت کی تحقیقات کرتے ہوئے مزید پندرہ ہزار سرکاری ملازمین کو برطرف اور پانچ سے زائد اداروں کو بند کر دیا ہے۔برطرف کئے جانے والوں میں ایک ہزار نو سو اٹھاسی اہلکاروں کا تعلق فوج سے ہے اور ساڑھے سات ہزار سے زائد پولیس اہلکار شامل ہیں۔ برطرف کیے گئے پانچ ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کا تعلق دوسرے محکموں سے ہے۔ ترکی میں اب تک ایک لاکھ دس ہزار سے زائد سرکاری اہلکاروں کو برطرف کیا جا چکا ہے جبکہ چھتیس ہزار اہلکاروں کو جیل بھیجا جا چکا ہے۔