لاہور ( یوا ین پی) لاہور ہائیکورٹ نے میانی صاحب قبرستان میں غیر قانونی تجاوزات 24گھنٹوں میں گرانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ایل ڈی اے بدمعاش ادارہ ہے عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ قبرستان کے لئے مختص اراضی ہاوسنگ سکیم کے لئے کیسے الاٹ کی گئی۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی۔قبرستان ایڈمنسٹریشن کے وکیل مقبول صادق حسین نے عدالت کو آگاہ کیا کہ قبضہ مافیا نے میانی صاحب کی چار کنال اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے ۔جبکہ ایل ڈی اے نے غیرقانونی طور پر قبرستان کی 27کنال اراضی ہاوسنگ سکیم کے لئے الاٹ کر دی۔جس پر فاضل عدالت نے میانی صاحب قبرستان میں غیر قانونی تجاوزات 24گھنٹوں میں گرانے کا حکم دیتے ہوئے کارکردگی رپورٹ طلب کر لی اور ریمارکس دیئے کہ ایل ڈی اے بدمعاش ادارہ ہے عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ قبرستان کے لئے مختص اراضی ہاوسنگ سکیم کے لئے کیسے الاٹ کی گئی۔ عدالت نے میانی صاحب قبرستان کے اخراجات اور آمدن کی تفصیلات بھی طلب کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت 29نومبر تک ملتوی کردی۔