وزیراعظم محمد نواز شریف اور افغان صدر اشرف غنی کی ملاقات

Published on November 26, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 299)      No Comments

اسلام آباد (یو این پی) پاکستان اور افغانستان نے دہشت گردی کو مشترکہ دشمن قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی ، انٹلیجنس اور انسداد دہشت گردی کے اداروں کے درمیان موثر کوارڈنیشن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سیاسی اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر اتفاق کیا ہے ۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان اشک آباد میں پائیدار ٹرانس19پورٹ بارے عالمی کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی ، دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں امن و استحکام اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے افغانستان میں امن اور استحکام کی غرض سے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس حوالے سے انہوں نے افغانستان کیساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی سطح پر دو طرفہ روابط کا فروغ، سیکیورٹی کوآرڈنیشن ، تجارت اور ٹرانزٹ ، سڑک کے ذریعے روابط کے فروغ اور عوام کے عوام سے روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، وزیراعظم نے افغانوں کی قیادت میں ہونیوالے امن عمل کیلئے سیاسی مذاکرات کو پائیدار امن کیلئے سب سے موزوں راستہ قرار دیا ، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چار ملکی رابطہ گروپ سمیت امن عمل کیلئے جاری سنجیدہ کوششوں میں تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے افغان حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ، افغان حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان ہونیوالے امن معاہدے کی حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ کرنے کیلئے تعاون کی ضرورت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ دشمن ہے اور دونوں ممالک اور خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ وزیراعظم محمدنواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کے سیکیورٹی ، انٹلیجنس اور انسداد دہشت گردی کے اداروں کے درمیان موثر کوارڈنیشن کی ضرورت ہے۔ افغان صدر اشرف غنی نے ملک میں امن اور استحکام کیلئے معاشی ترقی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے گزشتہ ماہ برسلز میں پاکستان کی جانب سے افغانستان کیلئے اعلان کردہ 50 کروڑ ڈالر کے ترقیاتی پیکیج پر تشکر کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی ترقی کیلئے سڑک کے ذریعے روابط کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے تاکہ دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوسکیں۔ دونوں رہنماؤں نے افغان مہاجرین کی بلا رکاوٹ محفوظ اور باوقار انداز میں وطن واپسی اور افغانستان میں آباد کاری سمیت دیگرشعبوں میں رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔صدر اشرف غنی نے تین دہائیوں سے زائد عرصہ تک کئی ملین افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes