لاہور (یو این پی) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا امن کی خواہش کو بھارت کمزوری نہ سمجھے۔ کہتے ہیں ایٹمی طاقت بن چکے ہیں اب معاشی طاقت بننا ہے۔ جامعہ پنجاب میں ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا بھارت معاشی ترقی سے روکنے کے لئے پاکستان کو جنگ کے کھیل میں الجھا سکتا ہے لیکن بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ جانے۔ احسن اقبال نے سی پیک کو ایٹمی پروگرام کے برابر قرار دیتے ہوئے کہا معاشی خود مختاری کے لئے سی پیک اہم ہے اس پر سیاست نہ کی جائے۔وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک چین یا پاکستان نہیں سارے خطے کی ترقی کا منصوبہ ہے اور اس منصوبے میں کسی صوبے کا حق نہیں مارا جائے گا، احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کی تقدیر بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری چین اور پاکستان کی قیادت کا مشترکہ نصب العین ہے جس سے دونوں ملکوں کے عوام مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 2030 میں مختلف مراحل میں مکمل ہو گا اور اسکی تکمیل سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ چین اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان میں چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جس میں سے پینتیس ارب ڈالر توانائی کے شعبے جبکہ گیارہ ارب ڈالر بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں اور گوادر بندرگاہ پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔