ملتان(یو این پی) ملتان میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے سنٹرل انڈکشن پالیسی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی اور پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔منگل کو ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں ڈاکٹرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ ریلی کے شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے ۔ ینگ ڈاکٹرز نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے سنٹرل انڈکشن پالیسی ڈاکٹرز کو بیروزگار کرنے کے لئے بنائی ہے اور اس پالیسی کے نام پر ڈاکٹرز کو اعلی تعلیم حاصل کرنے سے روکا جارہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نشتر سے ہر سال 250 گریجوایٹ ڈگری حاصل کرتے ہیں لیکن سنٹرل انڈکشن پالیسی کے تحت صرف 9 سیٹیں ایف سی پی ایس کے لئے مختص کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ڈاکٹرز اعلی تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سنٹرل انڈکشن پالیسی کو ختم نہ کیا گیا تو ینگ ڈاکٹرز احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہونگے۔