کراچی (یو این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ برس انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلئے ویسٹ انڈیز اور سری لنکن کرکٹ بورڈ سے مذاکرات شروع کر دئیے ہیں۔ پی سی بی کے ایک عہدیدار کے مطابق دو ہزار سترہ کے درمیان میں ان دونوں میں سے کسی ایک ٹیم سے سیریز کو ممکن بنانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ آفیشل نے دعویٰ کیا کہ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار ویسٹ انڈین اور سری لنکن بورڈ کو منانے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں اور امید ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے اختتام پر ان میں سے کسی ایک ٹیم کو پاکستان آنے پر راضی کر لیا جائے گا۔ نجم سیٹھی نے حال ہی میں بیان دیا تھا کہ کسی ایک مضبوط ٹیم کوجلد پاکستان بلائیں گے تاہم انہوں نے نام بتانے سے گریز کیا تھا۔ واضح رہے کہ 2009میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے کسی بھی بڑی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور پی سی بی آفیشل کے مطابق جب بھی انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے کی امید پیدا ہونے لگتی ہے اسی وقت دہشتگردی کا کوئی ایسا واقعہ رونما ہو جاتا ہے جس سے پی سی بی کی کوششیں رائیگاں چلی جاتی ہیں۔ آفیشل کا کہنا تھا کہ آئندہ سال 9مارچ کو ہونے والے پی ایس ایل کے فائنل کا ابھی تک کنفرم نہیں ہے کہ وہ کہاں ہوگا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔ پی سی بی عہدیدار کے مطابق رابطوں کے باوجود ابھی تک ویسٹ انڈیز اور سری لنکا بورڈ کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔