لاہور(یواین پی) کراچی سے خیبر تک جلوس، ریلیاں نکالی گئیں۔ گلی، گلی، کوچہ، کوچہ فضا دورد و سلام سے معطر رہی۔ جشن میلاد النبی ﷺ پر گلیاں بازار سجائے گئے۔ کراچی کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں۔ نشتر پارک، نمائش چورنگی سمیت کئی مقامات پر اجتماعات ہوئے۔ لاہور میں سیکڑوں مقامات پر جلوس اور ریلیوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلوے اسٹیشن سے داتا دربار تک مرکزی جلوس نکالا گیا۔ بچوں نے پہاڑیاں بنا کر نبی ﷺ سے عقیدت کا بھرپور اظہار کیا۔ راولپنڈی میں بھی جگہ جگہ ریلیوں میں حضور ﷺ پرعقیدت کے پھول نچھاور کئے گئے۔ ملتان میں نبی ﷺ کے پروانوں نے 500 من وزنی دیگ میں 100 من حلوہ تیار کر کے منفرد انداز میں عقیدت کا اظہار کیا۔ فیصل آباد میں بھی سارا دن درود و سلام کی صدائیں گونجتی رہیں۔ کوئٹہ میں جشن میلادالنبی ﷺ پر جلوسوں میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد نے سبز پرچم تھامے شرکت کی۔ پشاور میں میلاد ہاؤس گلبہار سے مرکزی جلوس نکالا گیا۔ جلوس کے آگے پیچھے اونٹ اور گھڑ سوار بھی شریک تھے۔