سری نگر(یوا ین پی) مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ نے کشمیری خواتین کی تنظیم دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی پر عائدپبلک سیفٹی ایکٹ ختم کرکے رہا کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔آسیہ اندرابی کے بیٹے کے آپریشن کی وجہ سے ان کئی فوری رہائی کی درخواست دی گئی تھی تاہم عدالت نے درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔ آسیہ اندرابی کو سرینگر سے 4 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے بعد پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بارہمولہ سب جیل میں رکھا گیا۔جسٹس محمد یعقوب کی بنچ نے کیس میں فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے حکومت سے کہا کہ وہ اعتراضات دائر کرے۔تنظیم کی ترجمان نے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر آسیہ باجی کی اسیری کو طوالت دینے کیلئے بہانے کئے جارہے ہیں۔ دریں اثنا، تنظیم کی سیکرٹری جنرل ناہیدہ نسرین نے کہا کہ سیدہ آسیہ کے چھوٹے بیٹے احمد بن قاسم، کو پیر کی شام سکمز صورہ میں جراحی کے عمل سے گزرنا پڑا۔”احمد کو پیٹ میں شدید تکلیف کے بعدایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن ناقابل برداشت درد کی وجہ سے انہیں سکمز صورہ لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کئی ٹیسٹ کرنے کے بعد احمد کا آپریشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس جراحی اور احمد کی بیماری کے بارے میں شواہد عدالت میں پیش کئے گئے جس کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا۔ واضح رہے کہ احمد کے والد محمد بن قاسم سینٹرل جیل سرینگر میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ناہیدہ نسرین نے کہا کہ سیدہ آسیہ اندرابی کی نجی سکرٹری صوفی فہمیدہ کا کیس بھی 27 اکتوبر 2016 سے عدالت کے رجسٹرار آفس میں زیر التوا ہے۔