کراچی(یو این پی) جنید جمشید سمیت طیارہ حادثے میں جاں بحق دیگر افراد کی نور خان ایئربیس پر نماز جنازہ ادا کردی گئی جس کے بعد ان کی میت سی ون 30 طیارے کے ذریعے فیصل بیس کراچی پہنچادی گئی جہاں ان کی تدفین دارالعلوم میں ہوگی۔میڈیا کے مطابق جنید جمشید سمیت طیارہ حادثے میں جاں بحق دیگر افراد کی نور خان ایئربیس پر نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں ایئرچیف مارشل سہیل امان سمیت جنید جمشید کے دوست اور اہل خانہ نے بھی شرکت کی جب کہ جنید جمشید کی میت پاک فضائیہ کے خصوصی سی ون 30 طیارے کے ذریعے فیصل بیس کراچی پہنچادی گئی ہے۔ جنید جمشید کی نماز جنازہ آج معین خان کرکٹ اکیڈمی گراؤںڈ میں ہوگی اور ان کی تدفین دارالعلوم کراچی میں ہوگی۔اس سے قبل حکومت نے طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو کہا تھا کہ وہ بدھ کی دوپہر تک میتوں کی حوالگی کے سلسلے میں پمز اسپتال پہنچ جائیں جس پر جاں بحق افراد کے لواحقین پمز اسپتال پہنچ گئے انتظامیہ کی جانب سے لواحقین سے تمام دستاویزات پر دستخط کرالیے گئے لیکن میت کی حوالگی میں کئی گھنٹوں کی تاخیرہوئی۔دوسری جانب وزیر مملکت طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈی این اے کے ذریعے شناخت کا عمل 6 سے 8 دن میں مکمل ہونا تھا لیکن ہمارے ماہرین نے 4 دن میں تمام عمل مکمل کیا، ہمیں امید تھی کہ ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ دوپہر تک موصول ہوجائے گی لیکن رپورٹ کی تاخیرکے باعث میتیں روانہ ہونے میں تاخیرہوئی۔ جنید جمشید کی تدفین کراچی میں ہوگی۔